اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کی پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ ایف آئی آر، انکوائری اور عبوری چالان میں شاہد مسعود کا نام نہیں تھا، ان پر رقم وصول کرنا بھی ثابت نہیں ہوا۔
جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد شاہد مسعود کی درخواست ضمانت منظور کر لی اور انہیں 5 لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے بقول پی ٹی وی کرپشن کیس کی انکوائری 2014ء جبکہ ایف آئی آر 15 دسمبر 2015ء کو درج ہوئی۔ انکوائری اور ایف آئی آر میں شاہد مسعود کا نام شامل نہیں تھا۔
سپریم کے حکم میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ شاہد مسعود کا ٹی وی چینل کے رائٹس لینے والی دونوں کمپنیوں سے تعلق بھی نہیں ہے، نہ ہی ان پر اس حوالے سے رقم وصول کرنا ثابت ہوا ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی وی کرپشن کیس میں تین ملزمان پہلے ہی ضمانت پر ہیں، مارچ 2016ء کے عبوری چالان میں بھی شاہد مسعود کا نام نہیں ہے۔