کراچی: پانی کے تنازع پر فائرنگ، پی ٹی آئی ایم پی اے زخمی،2 ملزم گرفتار

Last Updated On 25 January,2019 09:47 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پانی کے تنازع پر رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی فائرنگ سے زخمی ہوگئے، پولیس نے 2 ملزمان کو دھر لیا، نیپئر تھانے میں درج مقدمے میں چار ملزمان کو نامزد کیا۔

کراچی کے علاقے لیاری میں پانی کے تنازعے پر گولیاں چل گئیں۔ پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی فائرنگ سے زخمی ہوگئے، ایم پی اے ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کے مطابق رمضان گھانچی نے ٹمبر مارکیٹ عہدیدار کو واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا جس کے بعد ملزم سلیمان سومرو اور اسکے بیٹے علی سلمان کو حراست میں لے لیا۔

پولیس نے پی ایس 109 سے منتخب ہونے والے رمضان گھانچی پر فائرنگ کا مقدمہ نیپئر تھانے میں درج کرلیا۔ مقدمہ اقدام قتل اور لڑائی جھگڑے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے
واقعے پرشدید برہمی کا اظہار کیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پی ٹی آئی کارکنوں کے بڑی تعداد ہسپتال اور تھانے کے باہر پہنچ گئی جبکہ زخمی رمضان گھانچی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول ہسپتال سے نجی کلینک منتقل کر دیا گیا۔