ساہیوال واقعہ: جوڈیشل انکوائری نہ کرانے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج

Last Updated On 21 January,2019 02:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ ساہیوال کے معاملے پر جوڈیشل انکوائری نہ کرانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے بچوں کے سامنے نہتے والدین کو قتل کر دیا گیا، حکومت کو جوڈیشل انکوائری کیلئے کمیشن تشکیل دینا چاہیے تھا، حکومت جے آئی ٹی بنا کر بری الزمہ ہوگئی۔

دوسری طرف سانحہ ساہیوال پر ڈسٹرکٹ بار اسلام آباد کی جانب سے آج ہڑتال ہے، وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جس سے سائلین مشکلات سے دوچار ہیں۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی میں بھی وکلاء عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

پشاورہائیکورٹ بارسمیت ڈسٹرکٹ بار کی بھی ساہیوال واقعے پر ہڑتال ہے جس کی وجہ سے عدالتی سرگرمیاں معطل ہیں۔ خیبرپختونخوا بار کونسل نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اٹک میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں وکلا نے سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا، ساہیوال واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ رحیم یار خان میں بھی سانحہ ساہیوال کے خلاف ڈسٹرکٹ بارایسوی ایشن میں وکلا نے ہڑتال کی، ہڑتال کے باعث سائلین کو مشکلات کا سامنا رہا۔