اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سے امریکی ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گرام کی ملاقات، ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان سے امریکن ریپبلکن کے سینیٹر لنڈسے گرام نے بنی گالہ میں ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر گرام نے افغان امن عمل میں پاکستان کےمثبت کردار کو سراہا اور افغان مسئلہ کے حل کے لیے عمران خان کے ویژن کی تعریف کی۔ امریکی سینیٹر کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے اپکی کوششیں قابل قدر ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکا کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔ پاکستان تمام ہمسائیہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری سرمایہ کاری ٹیم ملک میں سرمایہ دار دوست پالیسیاں بنانے پر کام کر رہی ہے، امریکی کمپنیاں بھی پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان اور امریکی سینیٹر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔