کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں چینی قونصل خانے حملے کا دائر کار مزید وسیع کر دیا گیا، محکمہ داخلہ سندھ نے معاملے کے حل کے لیے جے آئی ٹی بنا دی جبکہ بلوچستان، خضدار اور کراچی سے گرفتار کالعدم بی ایل اے کے ملزمان کے نشاہدہی پر مزید گرفتاریاں اور جدید اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
کراچی میں گزشتہ سال چینی قونصل خانے پر دہشتگردوں کے حملے بارے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہو گئے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے حملے کی تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جے آئی ٹی تشکیل دیدی ہے۔
جے آئی ٹی میں حساس اداروں، رینجرز اور دیگر افسران کو شامل کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی پندرہ دن میں اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ جمع کرائے گی۔
دوسری جانب گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان اور خضدار سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران مزید ملزمان کو دھر لیا جبکہ اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی سے ہے۔