فیصل واڈا کے بعد عابد شیر علی کے علیمہ خان اور عمران خان پر الزامات

Last Updated On 19 January,2019 01:50 pm

نیو جرسی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی فیصل واڈا کے بعد علیمہ خان کے اپارٹمنٹس کے باہر پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا علیمہ خان نے زکوۃ کے پیسے چوری کر کے اپارٹمنٹس بنائے، عمران خان اصل مالک ہیں۔

 مسلم لیگ کے رہنما عابد شیر علی نے ایک اور دھماکہ خیز ویڈیو جاری کر دی۔ جرمنی اور نیو جرسی سے عابد شیر علی نے مبینہ علیمہ خان کے اپارٹمنٹس کے باہر سے ویڈیو جاری کی جس میں عابد شیر علی نے علیمہ خان اور وزیر عظم عمران خان پر الزامات کی بارش کر دی۔

عابد شیرعلی نے کہا دبئی ، جرمنی اور امریکہ میں علیمہ خان کے اپارٹمنٹس کپڑوں کی سلائی سے نہیں بن سکتے، علیمہ خان نے یہ مہنگے اپارٹمنٹس پاکستانیوں کی خون پسینے کی کمائی سے شوکت خانم ہسپتال کو دی گئی، زکوۃ کے پیسے چوری کر کے بنائے گئے۔ عابد شیر علی نے عمران خان کو اپارٹمنٹس کا بے نامی مالک ہونے کا الزام بھی لگایا۔ انکا کہنا تھا اصل مالک عمران خان ہیں، سپریم کورٹ معاملہ کی انکوائری کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے۔