لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے، تھوڑا صبر کریں، تمام شعبوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔
لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس کلچر آہستہ آہستہ تبدیل ہو رہا ہے، وزیر قانون کی سربراہی میں پولیس اصلاحات کمیٹی کام کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ وزرا اور افسروں کی ہر ضلع میں ڈیوٹیاں لگا رہے ہیں جبکہ میں خود بھی ہر ضلع کا دورہ کروں گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، اس شعبے میں بہتری کیلئے نئی بھرتیاں کیں اور صحت کارڈ کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھا رہے ہیں۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جب تک ہم گراؤنڈ پر نہیں چلیں گے، سسٹم ٹھیک نہیں ہوگا۔ جب تک ہمیں حالات کا پتہ نہیں چلے گا ایکشن کیسے ہوگا۔ انہوں نے واضح کر دیا کہ میرا کوئی عزیز، دوست یا کوئی بھی میرا نام لے کام کروانے کے لئے کہے کوئی کام نہ کیا جائے۔