راجہ بشارت کی وزارت خطرے میں پڑ گئی

Last Updated On 19 December,2018 05:46 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور راجہ بشارت کی وزارت اور اہلیت ایک ساتھ خطرے سے دو چار ہو گئیں۔

راجہ بشارت کی بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی کو دی گئیں دھمکیاں اور گفتگو کو وزیر اعظم عمران خان نے ناپسند کیا ہے اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی اسے اپنے محکمے میں مداخلت قرار دیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ راجہ بشارت کی وزارت سے خطرہ ٹلا نہیں بلکہ مزید بڑھ گیا ہے عمران خان نے راجہ بشارت کے خلاف ان کی مبینہ اہلیہ سیمل راجہ کی طرف سے راجہ بشارت کی نااہلی کیلئے راجہ رضوان عباسی ایڈو وکیٹ کی وساطت سے دائرکیس کی تفصیلات بھی منگوا لی ہیں، ان تفصیلات کے مطالعہ کے بعد اب عمران خان راجہ بشارت کے مستقبل کا جلد فیصلہ کریں گے ۔