لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کے نانا اور والدہ کو شہید کیا گیا، ماموں قتل کئے گئے، والد کو جیل میں رکھا گیا، اس وقت نہیں بھاگے، اب بھی نہیں جائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا لاڑکانہ کے چرچ میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ احتساب ہونا چاہیے، مگر کوئی مقدس گائے نہیں ہونی چاہیے۔ اتنی جھوٹی اور جعلی جے آئی ٹی رپورٹ دنیا میں کہیں دنہیں دیکھی، اس جھوٹی اور جعلی رپورٹ کا مقصد سیاسی انجینئرنگ تھا، الیکشن کے دوران بھی کہا تھا کہ یہ لوگ کٹھ پتلی حکومت بنانا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے غریب عوام کو مہنگائی کی سونامی میں دبا دیا ہے۔ میڈیا کی آزادی اور انسانی حقوق بھی کٹھ پتلی حکومت کے نشانے پر ہے، ہم انتقام کی سیاست نہیں کرتے اور نہ ہی تحریک چلاتے ہیں، اگر تحریک چلائی تو ہم انسانی حقوق اور میڈیا کی آزادی کیلئے تحریک چلائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ پاکستان کے سب سے اچھے، پڑھے لکھے اور نوجوان وزیراعلیٰ ہیں، ان پر 100 فیصد اعتماد ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے مجھے اور میرے خاندان کو ای سی ایل پر ڈال دیا ہے۔ ہم بھٹو شہید کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ہم خون دینے والے ہیں بھاگنے والے نہیں، میرے نانا اور والدہ کو شہید کیا گیا اور ماموں قتل کر دیے گئے، ہم کس طرح سے ان کی قبروں سے غداری کر سکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی پوری دنیا کہتی تھی کہ اس ملک سے بھاگ جائیں لیکن ہم اس وقت نہیں بھاگے اور آج بھی نہیں بھاگیں گے، ہم پیپلز پارٹی والے بھاگنے والے نہیں ہیں۔