کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے اندر بہت زیادہ مواد ہے جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا، جے آئی ٹی نے 16 ریفرنسز کی تجویز دی ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بڑے معصوم ہیں، انھیں تاریخ کو اچھی طرح پڑھ لینا چاہیے، بلاول کو نئی اور پرانی تاریخ یاد نہیں ہے۔ انہوں نے پرویز کے دور کا احتساب نہیں دیکھا، ان کے دور میں ان کو این آر او مل گیا تھا، نواز شریف کے دور کا احتساب بلاول نے دیکھا تھا۔
بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) سپریم کورٹ کے حکم پر بنی جس کی رپورٹ نے زرداری سسٹم کو عیاں کیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف کیس 2015ء میں بنا لیکن الزام ہم پر لگایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے اندر بہت زیادہ مواد ہے جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا، جے آئی ٹی نے 16 ریفرنسز کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی طور پر مراد علی شاہ کو ریفرنس سے پہلے ہی الگ ہو جانا چاہیے۔ معاملہ عدالت میں ہے، حکومت کا اس میں کوئی رول نہیں ہے۔ ہم تو پیر تک عدالت کی کارروائی کا انتظار کریں گے
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اطلاعات تھیں کچھ لوگ بیرون ملک جا سکتے ہیں، ای سی ایل میں نام ڈالنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا، انہی حرکتوں کی وجہ سے پاکستان کا نام گرے لسٹ میں ہے۔