اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں بحریہ ٹاؤن کی متفرق درخواست منظور کر لی، عدالت نے بحریہ ٹاؤن، ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، دلائل سننے کے بعد عدالت نے بحریہ ٹاون کے منجمد تمام اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وہ چاہتے ہیں کہ بحریہ ٹاؤن کا نام تبدیل کر دیا جائے، بحریہ کا نام بہت استعمال کر لیا۔ سپریم کورٹ نے ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اکاؤنٹس بھی بحال کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم صرف مخصوص اکاؤنٹس تک تھا اور وہ بھی صرف اکاؤنٹس کی نگرانی کی حد تک تھا۔