ای سی ایل میں شامل ناموں پر نظر ثانی نہ کرنا توہین عدالت کے مترادف، نفیسہ شاہ

Last Updated On 03 January,2019 08:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود حکومت کا ای سی ایل میں شامل ناموں پر نظر ثانی نہ کرنا توہین عدالت کے مترادف ہے۔ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے سندھ میں 12 لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔ دیوار سے لگایا گیا تو سخت ردعمل ہوگا۔

اسلام آباد میں پلوشہ خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ کی پراپرٹی ہے، حکومت اس پر کیسے کسی کا نام ای سی ایل میں ڈال سکتی ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما پلوشہ خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگایا گیا تو سخت ردعمل ہوگا۔ نیب خفیہ درخواستوں پر پیپلز پارٹی رہنماؤں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔

پیپلز پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص سے جیل کے کمرے کی صفائی کروانے کی مذمت کرتے ہیں۔