عبدالعلیم خان نے اورنج ٹرین منصوبے کو سفید ہاتھی قرار دیدیا

Last Updated On 01 January,2019 06:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 300 ارب روپے صرف ایک ایسے منصوبے پر برباد کر دیے گئے جس کا کبھی کسی نے مطالبہ ہی نہیں کیا تھا۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور صفائی کی ترک کمپنیوں کے مشترکہ اجلاس میں صفائی کے انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے متعلقہ حکام کو 2 ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے تمام زونل افسران کو ٹارگٹ دے دیے ہیں کہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں وگرنہ گھر جانے کیلئے تیار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود صفائی کے نظام سے مطمئن نہیں، عوام نے جس تبدیلی کیلئے ہمیں مینڈیٹ دیا ابھی تک مطلوبہ نتائج سامنے نہیں آ رہے۔ عبدالعلیم خان نے زونل افسران کی تنخواہیں مرحلہ وار پچاس ہزار تک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے ان کی کارکردگی سے مشروط کر دیا۔

سینئر وزیر نے کہا کہ اور نج لائن ٹرین منصوبہ بڑا سفید ہاتھی بن چکا ہے جس کے ساتھ گزارا کرنا انتہائی مشکل ہے، بادشاہوں نے من پسند منصوبوں کے ذریعے ملک و قوم کا اربوں روپیہ برباد کیا، 300 ارب روپے صرف ایک ایسے منصوبے پر برباد کر دیے گئے جس کا کبھی کسی نے مطالبہ ہی نہیں کیا تھا، پنجاب میں کام کرنے والی ہر کمپنی کرپشن کی غضب کہانی ہے۔