آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، حمزہ شہباز نیب دفتر پیش ہو گئے

Last Updated On 26 December,2018 01:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو آج طلب کر رکھا ہے جس پر رکن پنجاب اسمبلی آج دوپہر نیب دفتر پیش ہو گئے۔ حمزہ شہباز کے خلاف غیر قانونی پُل اور 56 کمپنیوں سے مبینہ تعلق کی تحقیقات بھی جاری ہیں.

نیب اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے خلاف صاف پانی کمپنی اوراثاثہ جات کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔ حمزہ شہباز کو نیب کی جانب سے آج دوپہر پیش ہونے کیلئے نوٹس جاری کیا گیا تھا۔جس پر لیگی رہنما آج دوپہر ڈیڑھ بجے نیب دفتر پیش ہو گئے جہاں وہ نیب تحقیقات کا سامنا کررہے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز تحقیقات کے سلسلے میں نیب میں پہلے بھی پیش ہوچکے ہیں، چند روز قبل انہیں لاہور ایئرپورٹ پر قطر جانے سے بھی روک دیا گیا تھا جس کی وجہ ان کا نام بلیک لسٹ ہونا بتائی گئی تھی۔ واضح رہے کہ حمزہ شہباز نے گرفتاری سے بچنے کے لیے حفاظتی ضمانت کروائی تھی۔ ان کے خلاف 56 کمپنیوں سے مبینہ تعلق اور غیر قانونی پل سے متعلق تحقیقات بھی جاری ہیں۔