راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید 14 دہشت گردوں کی موت کے پروانوں پر دستخط کر دیئے۔ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ان دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں سے مسلح افواج، طلبہ اور شہریوں کو نشانہ بنانے کے جرم میں پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے۔
مسلح افواج، تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر پر حملوں میں ملوث 14 دہشتگردوں کا عبرت ناک انجام قریب، آرمی چیف نے سزائے موت کی توثیق کر دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے جن دہشتگردوں کو پھانسی پر لٹکانے کے فرمان پر دستخط کئے ہیں ان میں سزا پانے والوں میں محی الدین، گل زمین، فضل ہادی، محمد وہاب، گل محمد، بشیراحمد، آفرین خان شامل ہیں۔ ان کے علاوہ محمد وسیم، برکت علی، روح الامین، شتمند، باچا وزیر، محمد ولد عبدالشکور اور اسماعیل کی سزائے موت کی بھی توثیق کی گئی ہے۔
مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ان دہشتگردوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں 3 سویلین اور مسلح افواج کے 13 اہلکار شہید جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے، فوجی عدالتوں کی جانب سے 20 دہشت گردوں کو قید کی مختلف سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔