لاہور: ( روزنامہ دنیا ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا دورہ چین منسوخ ہو گیا۔ انہو ں نے پہلے غیر ملکی دورے پر آج چین روانہ ہونا تھا۔ ذاتی مصروفیات کے باعث دورہ منسوخ کیا گیا۔
ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب نے گورنر ہاؤس میں گورنر چودھری سرور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کے انتظامی معاملات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری سرور نے عثمان بزدار کو درویش صفت اور عوامی وزیراعلیٰ کا خطاب دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جب وزیراعلیٰ گورنر ہاؤس آتے تھے تو گورنر ہاؤس میں ہر شخص کو پتہ ہوتا تھا کہ کون آ رہا ہے اور آج یہ وزیراعلیٰ یہاں آئے ہیں تو یہاں سب لا علم ہیں یہ ان کی اعلیٰ ظرفی، سادگی اور درویشی ہے جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
گورنر سرور کے ہمراہ بیٹھنے کے بعد وزیر اعلیٰ گورنر ہاؤس میں سیر کیلئے آنے والے لوگوں، بچوں میں گھل مل گئے۔ ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ یہاں آنے والے ایک شخص نے حیرانگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کبھی تصور میں بھی ایسا وزیراعلیٰ نہیں دیکھا جس سے ہاتھ بھی ملایا ہو، بات چیت بھی کی ہو اور اس میں کوئی تکبر اور غرور کا پہلو بھی نہ ہو۔
مزید برآں وزیراعلیٰ آفس کی مسجد میں سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے لئے دعا کی گئی۔ وزیراعلیٰ اور دیگر لوگوں نے شہید بچوں اور اساتذہ کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں اور اساتذہ نے اپنے لہو سے پرامن پاکستان کے قیام کی تاریخ رقم کی ہے۔ شہدا اے پی ایس کی عظیم قربانیوں کو تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔