حکومت کا ایک اور منی بجٹ لانے پر غور، بعض مصنوعات پر ٹیکس کی تجویز

Last Updated On 19 December,2018 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے ایک اور منی بجٹ لانے پر غور شروع کر دیا۔ اسد عمر کا کہنا ہے کئی مصنوعات پر ٹیکس اور ٹیرف میں اضافے کی تجویز ہے، ابھی مختلف تجاویز زیر غور، کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، درآمدی خام مال پر ٹیکس ریٹ میں کمی بھی ہو سکتی ہے، جنوری میں نیا بل پارلیمنٹ میں لے کر جا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا آئی ایم ایف کے پاس جانا افسوس ناک ہے، ان شاء اللہ یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا، عمران خان کا آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا بیان 2014 کا ہے، وزیراعظم نے الیکشن سے پہلے ٹی وی شو میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا اسٹاک مارکیٹ میں 5 ماہ کے دوران 5000 پوائنٹ کی کمی ہوئی، امریکا، بھارت اور چین سمیت دیگر اسٹاک مارکیٹس بھی گریں۔

اسد عمر کا کہنا تھا سعودی عرب سے آئل فیسلیٹی جنوری سے شروع ہو جائے گی، سعودی عرب سے اگلے 3 سال ماہانہ 27 کروڑ ڈالرز کا تیل ادھار ملے گا، سعودی عرب سے قرض کی مجموعی رقم 6 ارب ڈالرز ہوگی۔ انہوں نے کہا متحدہ عرب امارات سے مذاکرات بھی آخری مراحل میں ہیں، یو اے ای سے چند دنوں میں معاملات طے پا جائیں گے۔