اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور اے پی ایس پر حملے کی مذمتی قرارد متفقہ طور پر منظور، اپوزیشن نے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا۔
قومی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور اے پی ایس سانحہ کیخلاف قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں، یہ قراردادیں وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور اے پی ایس سانحے کی یہ ایوان بھرپور مذمت کرتا ہے۔ قرادادوں کے متن کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور عمل درآمد کیا جائے گا جبکہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات جاری رہیں گے۔
دوسری طرف خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے واک آؤٹ سے قبل سپیکر قومی اسمبلی سے کہا کہ جناب سپیکر! ہم آپ کا انتظار کر رہے ہیں جس پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ میں اس حوالے سے اقدامات کر رہا ہوں جس پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر آپ نے فیصلہ نہیں کیا تو مجبوراً ہم واک آؤٹ کرتے ہیں۔