کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ چرچ حملے کو ایک سال مکمل ہو گیا، لیکن حملے میں متاثرہ خاندانوں کے دل آج بھی غمزدہ ہیں، وہ اپنے پیاروں کو یاد کرتے ہوئے اکثر آبدیدہ ہو جاتے ہیں۔
17 دسمبر 2017 وہ سیاہ دن جب کوئٹہ کا میتھوڈسٹ چرچ دہشت گردوں کے دھماکے اور فائرنگ سے گونجتا رہا۔ دہشت گردوں نے چرچ میں گھس کر پہلے اندھا دھند فائرنگ کی، پھر خود کش دھماکے کے ذریعے وہاں موجود افراد کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ اور دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد کی جان گئی اور درجنوں زخمی ہوئے۔ مرنے والوں میں گلزار بھٹی بھی تھے جو عبادت کے لیے فیملی کے ساتھ چرچ کے اندر موجود تھے۔ گلزار بھٹی دہشت گردوں کو مرکزی ہال میں داخل ہونے سے روکتے ہوئے سینے پر گولی لگنے سے جان گنوا بیٹھے۔
سانحہ میتھوڈسٹ چرچ کو ایک سال گزرنے کے بعد بھی متاثرین کا غم کم نہ ہو سکا۔ لیکن دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے حوصلے آج بھی بلند ہیں۔