کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے علاقے گولارچی میں نامعلوم افراد نے سکولوں میں توڑ پھوڑ کی اور ریکارڈ جلا دیا، واقعے کے بعد طلبا اور والدین میں تشویش پائی جاتی ہے، مقامی انتظامیہ، محکمہ تعلیم اور پولیس ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔
سندھ کے معروف ضلع بدین کی تحصیل گولارچی میں نامعلوم افراد نے گزشتہ شب دو نجی سکولوں میں الگ الگ کارروائی کی، پہلے واقعے میں ایک نجی سکول کے پرنسپل آفس میں آگ لگائی۔ دنیا نیوز کو حاصل فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ تعلیم دشمنوں نے الماریوں میں رکھا تمام ریکارڈ پہلے باہر نکالا اور پھر میز پر رکھ کر جلا دیا، جس سے سکول کا تمام ضروری ریکارڈ ضائع ہو گیا۔
دوسرا واقعہ چند گلیوں کے فاصلے پر واقع ایک دوسرے نجی سکول میں پیش آیا جہاں پرنسپل آفس میں توڑ پھوڑ کی گئی، گزشتہ دو ماہ کے دوران گولارچی میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، تاہم پولیس ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھی ہے جبکہ طلبا اور والدین میں تشویش پائی جاتی ہے۔