انصاف کرنے والے اداروں کو مضبوط کرتے ہیں: چیف جسٹس

Last Updated On 11 December,2018 03:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ انہوں نے کہا انصاف کرنے والے اداروں کو مضبوط کرتے ہیں، خامیوں پر قابو پاکر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کراچی اور دیگر صوبوں میں سپریم کورٹ کی ضروریات بڑھ گئی ہیں، سپریم کورٹ کی نئی عمارت کی اشد ضرورت تھی، عمارتیں ادارے نہیں ہوتے، انصاف کرنے والے اداروں کو مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا زندگی میں کبھی مایوس نہیں ہوا، اس ملک کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتیں عطا کیں، خامیوں پر قابو پا کر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا پانی کے مسئلے پر دیانتداری کے ساتھ کام کرنا ہے، اس ملک کیلئے قربانی کا جذبہ سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے، وزیراعظم نے بھی کہا ہے 2025 میں پانی کے بحران کا شکار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ڈیمز بنانے اور پانی کے استعمال میں احتیاط کی ضرورت ہے، کوئٹہ میں زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہو رہی ہے، نہیں معلوم کراچی میں پانی کی قلت کیوں ہوئی، کراچی میں مافیا پانی کے مصنوعی بحران کی بڑی وجہ ہے، بہتر مینجمنٹ کے ساتھ پانی کی قلت کو دور کیا جاسکتا ہے۔