دفتر خارجہ کی آفیسر سیدہ فاطمی اور شوہر ہنزہ میں جاں بحق

Last Updated On 08 December,2018 10:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جسدخاکی کل صبح بارہ بجےاسلام آباد پہنچیں گے، شاہ محمود قریشی کا لواحقین سے اظہار تعزیت

فارن آفس کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیدہ فاطمی شادی کے بعد اپنے شوہر شعیب حسن کے ساتھ ہنزہ گئیں۔ دونوں کریم آباد میں ہوٹل میں ٹھہرے تھے جہاں کمرے میں گیس بھرنے پر دم گھٹنے سے دونوں میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کی نگرانی میں میتوں کو اسلام آباد روانہ کر دیا گیا، سیدہ فاطمی کی تدفین اٹک اور ان کے شوہر شعیب حسن کی اسلام آباد میں کی جائے گی، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سیدہ فاطمی اور ان کے شوہر کے انتقال پر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

سیدہ فاطمی دفتر خارجہ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر خدمات سرانجام دے رہی تھیں اور ان کا تعلق 42 ویں کامن ٹریننگ پروگرام سے تھا جب کہ وہ دفترخارجہ میں کامن ڈپلومیسی سکیشن میں تعینات تھیں۔

سیدہ فاطمی 10 دن پہلے فرانس سے تربیت مکمل کرکے پاکستان پہنچی تھی، ان کا تعلق پنجاب کے شہر اٹک سے تھا اور ان کی شادی 29 نومبر کو ہوئی تھی۔

سیدہ فاطمی فارن سروس اکیڈمی کے 35 ویں اسپیشلائزڈ ڈپلومیٹک کورس میں پوزیشن ہولڈر بھی تھیں۔