بھارتی خارجہ پالیسی کیخلاف پاکستان بہترین انداز میں کھیلا، شیخ رشید

Last Updated On 01 December,2018 07:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں جنرل قمر جاوید باجوہ کی جپھی نے بھارتی ایوانوں میں صف ماتم بچھا دی، سکھوں کو ننکانہ صاحب پنجہ صاحب اور کرتار پور میں زمینیں 31 سالہ لیز پر دینے کے لیے تیار ہیں، بڑے سیاستدانوں نے دولت کی لالچ میں اپنی اولاد کی سیاست تباہ کر دی

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں دھواں دھار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایک جپھی نے بھارتی وزارت خارجہ کے ایوانوں میں زلزلہ پیدا کر دیا، بھارتی خارجہ پالیسی کیخلاف پاکستان بہترین انداز میں کھیلا۔

شیخ رشید نے وزیر اعظم عمران خان کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا، انکا کہنا تھا کہ عمران خان اناڑی نہیں کھلاڑی ہیں، تھوڑے دن انتطار کریں،عمران خان لوٹے ہوئے پاکستان میں ایک ایک تنکہ اکٹھا کر کے پاکستان بنا رہا ہے، جس وزیر اعظم کو روز کا چھ ارب سود روزانہ دینا پڑتا ہے وہ کیسے سو سکتا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے نے پہلے سو دنوں کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، پچھلے 90 دنوں میں 2 ارب روپے آمدن میں اضافہ کیا ہے، ڈیم فنڈ کے لئے ریلوے نے 5 کروڑ روپے اکٹھے کر لئے ہیں۔