نندی پور ریفرنس، بریت کیلئے بابر اعوان کی درخواست پھر بغیر کارروائی ملتوی

Last Updated On 26 November,2018 05:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ‏احتساب عدالت نے نندی پور پاور ریفرنس سے بریت کے لئے بابر اعوان کی درخواست ایک بار پھر بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے ملزم بابر اعوان کی بریت کی درخواست پر سماعت کی اور بغیر کارروائی ملتوی کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ اس درخواست کی سماعت نواز شریف کے دونوں ریفرنسز کا فیصلہ آنے کے بعد ہی کی جائے گی۔

سماعت کے موقع پر بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے تاہم سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف حاضری سے استثنیٰ کے باعث پیش نہیں ہوئے۔ عدالت آمد کے موقع پر صحافی نے تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان سے حکومت کے سو دن کی کارکردگی کا سوال کیا تو انھوں نے کہا کہ سو دنوں میں تو اندرون اور بیرون ملک منظر ہی بدل گیا ہے۔ اندرون ملک اب کوئی قانون سے بالاتر نہیں، کوئی راستے بند کرتا ہے نہ ہی کوئی توڑ پھوڑ ہوتی ہے، بیرون ملک بھی مودی ہو یا ٹرمپ سب کو عزت سے جواب ملتا ہے۔