لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے قائد اعظم سولر پارک منصوبے کے فرانزک آڈٹ کا فیصلہ کر لیا، وزیر توانائی اختر ملک کا کہنا ہے کہ معاملہ جمعرات کے روز کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا، سکولوں کی سولرائزیشن کے منصوبے کی بھی عملی تصدیق کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔
قائد اعظم سولر منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر حکومت پنجاب نے فرانزک آڈٹ کا فیصلہ کر لیا۔ پنجاب کابینہ کو جمعہ کے روز قائد اعظم سولر منصوبے بارے بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے وزیر توانائی اختر ملک کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ سے قائد اعظم سولر منصوبے کے فرانزک آڈٹ کی منظوری حاصل کی جائے گی۔
دوسری جانب پنجاب میں اسکولز سولرائزیشن کے معاملے کی بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنوں میں تمام سکولز کو سولر انرجی پر منتقل کرنا تھا۔ سابق حکومت نے ملتان اور بہاولپور میں اسکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا دعوی کیا۔ اسکولز سولر منصوبے کی بھی فزیکل ویریفیکیشن کے احکامات جاری کر دیئے۔
پنجاب کے وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ منصوبوں کے فرانزک آڈٹ اور فزیکل ویری فیکشن کی روشنی میں نیب کو کیسز بھجوائے جائیں گے۔