جشن عید میلاد النبیﷺ، ملک بھر میں جلوس اور ریلیاں

Last Updated On 21 November,2018 10:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں جشن ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے اور عاشقانِ رسول اپنے اپنے انداز میں نبی مہربان حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جشن عید میلاا لنبی ﷺ آج انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ صبح بہاراں کا آغاز مساجد میں قران خوانی، اجتماعی دعاؤں، قصیدہ بردہ شریف اور درود و سلام سے ہوا۔ مختلف علاقوں میں جلوس جاری ہیں۔ مرکزی جلوس تین بجے برآمد ہو گا۔

ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی جشن عید میلادالنبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، پہلا جلوس میلاد ہائوس گلبہار سے برآمد ہوا، جلوس کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور مختلف راستوں کو بند کیا گیا تھا، جلوس لاہوری ااور اندرون شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا واپس میلاد ہائوس پر اختتام پذیر ہوا. ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا.میلادالنبی کے موقع پر پشاور اور مضافات کو سیکورٹی کے دو زون میں تقسیم کیا گیا ہے، مجموعی طور پرسولہ سو پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے.


اولیائے کرام کی سرزمین ملتان میں امام الانبیا سید المرسلین خاتم النبیین کے جشن ولادت پر مختلف مقامات پر میلاد ریلیاں نکالی گئیں جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد نے خانہ کعبہ، مسجد نبوی اور نعلین پاک کے ماڈلز کی زیارت کی جبکہ عربی لباس میں ملبوس بچوں نے عرب کی ثقافت کے پیش نظر اونٹوں پر سوار ہو کر ڈفل بھی بجایا جس کو سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے خوب سراہا۔

اس موقع پر مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ نبی پاک ﷺ کی مقدس زندگی مشعل راہ ہے جس پر عمل کر کے ہی دنیا میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔

جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلہ میں فیصل آباد میں پاکستان سنی تحریک کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی دھوبی گھاٹ سے شروع ہوئی اور گھنٹہ گھر کے بازاروں سے ہوتی ہوئی سلیمی چوک تک پہنچی، ریلی کے شرکاء ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے رہے، شرکا کا کہنا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کی خوشی کو شایان شان طریقے سے منانا چائیے۔

 

مظفر آباد میں صبع کا آغاز 21 توپوں کی سلامی اور نماز فجر کے بعد دعاوں سے ہوا، میلاد کا مرکزی جلوس اپر اڈاہ سے نکالا گیا۔ سجے گلیاں بازاروں کی فضا درود سلام کے ورد سے گونجتی رہی، جلوس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سمیت سینکڑوں عاشقان رسول نے شرکت کی۔