ملتان میں 100 من حلوہ تقسیم، فیصل آباد میں 17 منزلہ کیک کاٹا گیا

Last Updated On 21 November,2018 03:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر آقائے دوجہاں ﷺ سے اظہار عقیدت کے لئے فیصل آباد اور چنیوٹ میں شمع رسالت کے پروانوں نے منوں وزنی کیک کاٹے۔ ملتان میں 100 من حلوے کی دیگ تیار کی گئی۔ منڈی بہاء الدین میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں جلوس کے شرکا میں تقسیم کے لئے ایک سو پچیس من مینگو شیک تیا ر کیا گیا۔

آقائے کون و مکاں ﷺ کی ولادت باسعادت کے میلاد پر ہر طرف رنگ و نور کی برسات ہے، فیصل آباد میں سرور کائنات آقا دوجہاں سے اظہار عقیدت کیلئے 63 من وزنی 17 منزلہ کیک تیار کیا گیا۔

کیک کی تیاری میں360 کلو گرام مکھن، 330 کلوگرام چینی، 300 کلو گرام میدہ، 50 لیٹر دودھ اور 660 درجن انڈے استعمال ہوئے۔ اس موقع پر عاشقان رسول ﷺ نے کہا کیک تیار کرنے کا مقصد جشن ولادتﷺ کو شایان شان طریقے سے منانا ہے۔

چنیوٹ میں بھی دربار وادی عزیز شریف پر 63من وزنی کیک کاٹا گیا۔ سجادہ نشین خواجہ محبوب الہی نے کیک کاٹا۔ شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ملتان میں عقیدت مندوں کے لئے 100 من حلوے کی دیگ تیار کی گئی جس کے بعد سینکڑوں عقیدت مندوں میں بانٹی گئی۔

جامع مسجد غوث الاعظم جوہرآباد میں 400 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ منڈی بہاuالدین میں جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر انجمن تاجران کی جانب سے ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔ شہریوں کی حلوہ پوری، چنے اور سبز چائے سے تواضع کی گئی۔ دوسری طرف منڈی بہاءالدین میں جلوس کے شرکا کے لئے 125 من مینگو شیک تیار کیا گیا۔ مینگو شیک کی تیاری کے لئے آم 4 ماہ پہلے سے فریز کرلئے جاتے ہیں۔ جس کی تیاری میں ایک ہفتہ لگتا ہے۔