آشیانہ اقبال سکینڈل، شہبازشریف سمیت 4 افراد کیخلاف نیب ریفرنس تیار

Last Updated On 21 November,2018 10:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ اقبال سکینڈل کی تحقیقات کے حوالے سے شہبازشریف سمیت 4 افراد کے خلاف نیب نے ریفرنس تیار کر لیا جو 24نومبر کو فائل کئےجانے کا امکان ہے۔ ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

آشیانہ اقبال سکینڈل میں کیا ہوا، نیب نے ریفرنس تیار کر لیا۔ نیب لاہور کی ٹیم نے ریفرنس سے متعلق چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو بریفنگ دیدی۔ نیب ذرائع کے مطابق شہبازشریف سمیت 4 افراد کیخلاف ریفرنس 24 نومبر کو فائل کئےجانے کا امکان ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے اختیارات کا غلط استعمال کرکے پرائیویٹ افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق جو ریفرنس تیار کیا گیا اس میں بتایا گیا کہ ملزم شہبازشریف نے بطور وزیراعلٰی پی ایل ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طاقت کا غیر قانونی استعمال کیا، شہباز شریف نے مبینہ طور پر فواد حسن فواد کی ملی بھگت سے میرٹ پر آنیوالی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کروایا تاکہ من پسند کمپنی کو غیر قانونی فائدہ پہنچایا جائے۔

نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے آشیانہ پراجیکٹ کا ٹھیکہ پی ایل ڈی سی سے ایل ڈی اے کو منتقل کرنیکا حکم دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے غیرقانوی طور پرایل ڈی اے کو ٹھیکہ منتقل کرنیکی منظوری دلوائی، اس وقت کے ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ تھے اور اس طرح پبلک پارٹنر شپ کے تحت ٹھیکہ منظورنظر میسرز بسم اللہ انجینرنگ کو دے دیا گیا جو پیراگون کی پراکسی کمپنی تھی، جن کو فائد ہ پہنچانے کے لئے سب غیر قانونی اقدامات کئے گئے۔