زلفی بخاری نااہلی کیس: عمران خان سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری

Last Updated On 12 November,2018 12:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے دوہری شہریت پر زلفی بخاری کی نااہلی سے متعلق کیس میں وزیراعظم عمران خان سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا دوہری شہریت پر کوئی رکن اسمبلی نہیں بن سکتا، یہ عہدے اسی لئے بنائے گئے جو ایم این اے نہیں بن سکتا اسے مشیر لگا سکیں۔

 چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے معاون خصوصی زلفی بخاری کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ وزیراعظم کے خصوصی معاون کا کوئی عہدہ ہی نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ معاون خصوصی کا عہدہ وفاقی وزیر یا وزیر مملکت کے برابر کیسے ہوتا ہے ؟ درخواست گزار کے بقول زلفی بخاری دوہری شہریت رکھتے ہیں، دوہری شہریت رکھنے والا رکن پارلیمنٹ یا وزیر نہیں بن سکتا، یہ عہدے اسی لئے تخلیق کیے گئے ہیں کہ جو ایم این اے نہیں بن سکتا اسے مشیر لگایا جا سکے۔

عدالت عظمیٰ نے وزیراعظم عمران خان سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہوگی۔