امن وامان کی صورتحال، اپوزیشن کی حکومت کو حمایت کی یقین دہانی

Last Updated On 01 November,2018 07:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کے خصوصی وفد نے دھرنے اور احتجاج کے باعث ملک کو درپیش صورتحال پر بات کیلئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ہے۔

پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی نے بلاول بھٹو اور شہباز شریف سے ملاقات کی اور کچھ عناصر کی طرف سے دھرنے پر انہیں بریف کیا۔ دنیا نیوز ذرائع کے مطابق ملاقات میں شہباز شریف کے خلاف مقدمات اور ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو بھی کی گئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کو موجودہ صورتحال پر بریف کیا ہے، سب اس مسئلے کے حل کے لئے متفق ہیں، اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات چل رہے ہیں، ہم مظاہرین کے خلاف کوئی فورس استعمال نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں سچی بات کی اور قوم کو حقیقیت بتائی۔

اس کے علاوہ حکومتی وزرا نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات کی۔ وزرا میں فواد چودھری، پرویز خٹک، علی محمد خان، طارق بشیر چیمہ، شیری مزاری اور دیگر شامل تھے۔

ملاقات میں شریک وزرا نے بلاول بھٹو اور خورشید شاہ کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیا۔ حکومتی وفد نے اپوزیشن لیڈرز کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لیے حکومت کوشش کر رہی ہے، اس مسئلے کے حل کیلئے حکومت نے کمیٹی قائم کی ہے، کوشش ہے بہتر طریقے سے حالات پر قابو پایا جائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ان ملاقاتوں کے بارے میں میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورے پاکستان کا سوال ہے، نیشنل کرائسز میں وزیراعظم کی ہدایت پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیا ہے۔

فواد چودھری نے بتایا کہ حکومتی وفد نے بلاول بھٹو، شہباز شریف سمیت اپوزیشن رہنماؤں سے آئندہ کی حکمت عملی پر مشور کیا ہے، موجودہ صورتحال پر حکومت اور اپوزیشن نے فوکل پرسن مقرر کر دیئے ہیں، موجودہ صورتحال پر ہر قدم پر پارلیمنٹ کی رائے شامل ہو گی، اس معاملے پر حکومتی حکمت عملی کے ساتھ پورا ملک کھڑا ہو گا۔