لاہور ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں میں سگریٹ کی فروخت پر پابندی لگا دی

Last Updated On 25 October,2018 01:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں سگریٹ کی فروخت پر پابندی لگا دی۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ اساتذہ بھی دوران ڈیوٹی سگریٹ نوشی نہ کریں۔

 لاہور ہائیکورٹ میں تعلیمی اداروں میں سگریٹ کی فروخت کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے رو برو موقف اختیار کیا ہے کہ سکول، کالجز، یونیورسٹیز میں سرعام سگریٹ فروخت کئے جا رہے ہیں، جس سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے۔

عدالت سے استدعا ہے کہ تعلیمی اداروں میں سگریٹ کی فروخت پر پابندی عائد کی جائے، عدالت نے پنجاب بھر میں تعلیمی اداروں میں سگریٹ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی، عدالت نے حکم دیا ہے کہ اساتذہ بھی دوران ڈیوٹی سگریٹ نوشی نہ کریں۔

عدالت نے پنجاب حکومت اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں سگریٹ فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کریں۔