کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اسٹیل ملز کارپوریشن نے بھی پاکستان سٹیل ملز کو اربوں کا ٹیکہ لگا دیا، آڈٹ رپورٹ کے مطابق کارپوریشن کی غفلت کے باعث پاکستان سٹیل ملز کو 7 ارب 45 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا۔
رپورٹ کے مطابق کارپوریشن نے سٹیل ملز کا ہاٹ میٹل لیڈل اسکریپ 41000 روپے میٹرک ٹن کی بجائے صرف 725 روپے میٹرک ٹن فروخت کر دیا۔ یوں 34790 میٹرک ٹن ہاٹ میٹل اسکریپ کم قیمت پر فروخت کرنے سے خسارے کی شکار پاکستان سٹیل ملز کو 1 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔
صرف یہی نہیں اسٹیل مل کی زمین بھی مارکیٹ ریٹ سے کم لیز پر دینے سے اسٹیل ملز کو 89 کروڑ 27 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، 158 ایکڑ زمین 2 ارب 37 کروڑ روپے کی بجائے 1 ارب 47 کروڑ روپے میں ہی دے دی گئی، 344 ایکڑ زمین تجاوزات کی نظر ہونے کے باعث بھی ادارے کو 5 ارب 16 کروڑ کا نقصان ہوا۔