سب انسپکٹرتشدد کیس: وکلا نعرے بازی پر چیف جسٹس کی مستعفی ہونیکی دھمکی

Last Updated On 13 October,2018 03:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وکلا کے سب انسپکٹر پر مبینہ تشدد کیخلاف کیس کی سماعت کے دوران وکلا نعرے بازی پر چیف جسٹس نے مستعفی ہونے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا عہدہ چھوڑ دوں گا، ناانصافی نہیں کروں گا۔

 لاہور کی سیشن کورٹ میں پولیس سب انسپکٹر پر تشدد کا معاملہ سپریم کورٹ جا پہنچا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں عدالت لگائی اور تشدد کے واقعے میں ملوث وکلا کو طلب کرلیا۔ وکلا کی جانب سے عدالت میں نعرے بازی پر چیف جسٹس برہم ہوگئے اور کہا آپ کو شرم آنی چاہیے اپنے والد کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔

صدر لاہور بار نے کہا ہمارے ساتھ پولیس نے بہت ظلم کیا۔ سیکرٹری سہیل مرشد نے کہا سب انسپکٹر پر تشدد وکلا نے نہیں کیا، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ آپ وکلا کیخلاف ایف آئی آر معطل کریں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی آر معطل نہیں ہوگی، تفتیشی، وکیل یا پولیس سب انسپکٹر قصور وار ہوا تو کارروائی ہوگی۔