ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت کیساتھ مقابلہ، اپوزیشن ایک ہوگئی

Last Updated On 12 October,2018 07:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لی، پنجاب میں دو حلقوں کے علاوہ پیپلز پارٹی کے تمام امیدوار مسلم لیگ ن کے حق میں دستبردار کرنے کا فیصلہ کر لیا، سندھ میں مسلم لیگ ن اپنے امیدوار پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار کرے گی۔

مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان ضمنی انتخابات کے لئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گئی ہے۔ اس ضمن میں پنجاب میں دو حلقوں کے علاوہ پیپلز پارٹی کے تمام امیدوار مسلم لیگ ن کے حق میں دستبردارکرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سندھ میں مسلم لیگ ن اپنے امیدوار پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار کرے گی۔ پنجاب میں رحیم یار خان اور تاندلیانوالہ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار میدان میں رہیں گے۔ لاہور سے بھی چاروں حلقوں سے پی پی پی امیدوار مسلم لیگ ن کے حق میں دستبردار ہوں گے۔

پنجاب میں ضمنی انتخابات کے موقع پر 807 حساس پولنگ سٹیشنز کی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پرامن ضمنی انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی۔