اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی سے برطانوی وزیرداخلہ نے ملاقات کی، وزیرخارجہ نے موجودہ تاریخی تعلقات کو کثیرالجہتی اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید دفترخارجہ پہنچے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ساجدجاوید کا استقبال کیا، ملاقات میں وزیرخارجہ نے موجودہ تاریخی تعلقات کو کثیرالجہتی اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال، انسداد دہشتگردی، منی لانڈرنگ، اثاثوں کی واپسی کیلئےتعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
برطانوی وزیر داخلہ نے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کی خواہش ہے کہ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت کو آگے بڑھایا جائے۔