اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے پاکستان کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ترقی کیلئے احتساب ناگزیر ہے، حکومت میرٹ پر چلائیں٘ گے، کسی جگہ سمجھوتہ نہیں ہوگا،خود کو نہ بدلا تو آگے تباہی آئے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے سول سرونٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم تو آتے جاتے رہتے ہیں مگر سول سرونٹس مستقل حکومت ہیں، 10سال میں قرض 6 ہزار سے بڑھ کر 30 ہزار ارب پر پہنچ گیا، قرضوں پر روزانہ 6 ارب روپے سود دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا موجودہ حالات کیلئے پوری قوم کو خود کو بدلنا ہو گا، حکمران، بیورو کریٹس اپنے آپ کو بدلیں، ہمارے پاس ملک چلانے کیلئے پیسہ ہی نہیں ہے، بیورو کریسی آزادی سے کام کرے، اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ عمران خان نے کہا ڈھائی کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، تبدیلی لائے بغیر معاشی ابتری سے نکلنا مشکل ہے، ہمیں انگریز کے دور کی سوچ کو تبدیل کرنا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا وزیراعظم ہاؤس کے 540 ملازم ہیں، مجھے تو بہت انجوائے کرنا چاہیئے تھا، گاڑیاں اور بھینسیں نیلام کر رہے ہیں، بے روز گاروں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا اورنج ٹرین جیسے منصوبے قرض لیکر بنائے گئے جو خسارے میں ہیں، دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے، ایلیٹ کلاس میں انگریز کا چھوڑا ہوا مائنڈ سیٹ اب تک چل رہا ہے، انگریز ہمارے پیسوں پر شاہانہ زندگی گزار رہا تھا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں آلودہ پانی سے بچوں کی ہلاکت کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے، ملک میں 40 فیصد بچے پوری نشوونما نہیں کر پاتے، ملک میں تعلیم کا سسٹم بگڑا ہوا ہے، اس وقت ڈھائی کروڑ بچے سکولوں میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں انگریز کے دور کی سوچ کو تبدیل کرنا ہے، ایک ایک پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہئے۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترقی کے لئے سوچ بدلنا ہو گی، احتساب کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، کرپشن کرنے والے لوگ پہلے اداروں کو تباہ کرتے ہیں، غلطیاں ہوتی ہیں، سب سے زیادہ مجھ سے غلطیاں ہوئی ہیں، غلطیوں کا دفاع کرنا غلط ہے۔ انہوں نے کہا سول سرونٹس کی جو بھی سیاسی وابستگی ہو آپ ملک کیلئے پرفارم کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بیوروکریسی کوالٹی کی بیوروکریسی تھی، 60 کی دہائی میں ہماری بیوروکریسی ایشیا میں سب سے آگے تھی، دہشت گردی سے خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر تھا۔
میانوالی ٹرین کی افتتاحی تقریب سے وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مری کا گورنر ہاؤس دیکھنے والا ہے، ملک کے برے حالات کی وجہ جاننا ہے تو صرف مری کا گورنر ہاؤس دیکھ لیں، وزیراعظم ہاؤس میں ٹاپ کلاس یونیورسٹی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا چین کے ساتھ ہمارے مثالی تعلقات ہیں، نومبر میں چین کا دورہ کریں گے، قوم کو نئی سوچ دیں گے، مری کے گورنرہاؤس کو شاندار ہوٹل بنائیں گے۔