وزیر اعظم کو فرانسیسی صدر کا فون، عالمی امور پر ملکر کام کی خواہش

Last Updated On 14 September,2018 09:41 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کو فرانسیسی صدر عمانوئیل میکخواں نے ٹیلی فون کیا اور عہدہ سنبھالنے پر مبار کباد دی۔ گفتگو میں فرانسیسی صدر نے دونوں ممالک میں تعاون اور روابط بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے توانائی، معیشت، آبی وسائل، تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے، باہمی اور عالمی امور پر مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

فرانسیسی صدر نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور بھاری قیمت ادا کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا فرانس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید بہتر اور مضبوط بنانا چاہتے ہیں، فرانس کے ساتھ وسیع البنیاد اور طویل مدتی شراکت داری چاہتے ہیں۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق فرانسیسی صدر نے وزیر اعظم عمران خان کو دورہ فرانس کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

وزیر اعظم عمران کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے فرانسیسی صدر کو علاقائی صورتحال خصوصاً بھارت سے تعلقات کے حوالے سے آگاہ کیا، عمران خان نے افغانستان میں قیام امن پر بھی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کی جانیوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوائے۔