سول اور فوج کے تعلقات میں دراڑ کی بات ختم: وزیراطلاعات

Last Updated On 13 September,2018 10:42 am

اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے پاکستان میں سول اور فوج کے تعلقات میں دراڑ کی بات ختم ہوئی ہے، عمران خان کے بھارت سے متعلق موقف کو فوج کی حمایت حاصل ہے، پاکستان کا مفاد حکومت اور فوج کو عزیز ہے۔

ٹی وی سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں معمول کے مطابق بریفنگ کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران اندرونی خطرات پر بریفنگ دی گئی، فوج نے اپنا نقطہ نظر سامنے رکھا، وزیر اعظم اور فوج یہی سوچتے ہیں کہ مسلح جتھے اور انتہا پسند ختم ہوں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا ادارے ہی مل کر ریاست بناتے ہیں۔ سی پیک پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہت بڑا ذریعہ ہے ، امریکہ ہو یا چین جو بھی پاکستان آتا ہے اپنے دورے سے مطمئن ہے، اسد عمر نے امریکی سفیر سے کہا کہ آپ اپنی سرمایہ کاری لائیں سی پیک سے نہ گھبرائیں۔