نواز شریف، مریم کی سزاؤں کو کالعدم قرار دینے کی استدعا مسترد

Last Updated On 31 August,2018 09:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی سزاؤں کو کالعدم قرار دینے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے تمام درخواستیں خارج کر دیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف، انکی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزاؤں کے خلاف درخواستوں پرسماعت ہوئی، جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے سماعت کی۔ درخواستگزاروں نے موقف اختیار کیا کہ نیب قانون کا آرڈیننس سابق صدر پرویز مشرف نے جاری کیا لیکن 18 ویں ترمیم کے بعد ختم ہوچکا ہے۔


نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب قانون سمیت تمام صدارتی آرڈیننس کو اٹھارویں ترمیم کے تحت تحفظ حاصل ہے، ملزمان کو درست قانون کے تحت سزا دی گئی ہے۔ فل بینچ نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد مختصر فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزاؤں کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں۔