وزیراعظم کی سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، فواد چودھری

Last Updated On 29 August,2018 08:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے استعمال پر تنقید میڈیا کا حق ہے لیکن وزیراعظم کی سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے واضح کر دیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے استعمال پر تنقید میڈیا کا حق ہے لیکن وزیرِاعظم عمران خان کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔

فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ غیر سنجیدہ عمل ہے، اپوزیشن نے بہانہ بنا کر واک آؤٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بطور وزیراعظم سینیٹ میں قدم نہیں رکھتے تھے، مگر عمران خان اکثریت نہ ہونے کے باوجود سینیٹ میں آئے۔ دیکھنا یہ ہے کہ اپوزیشن آگے جا کر کتنی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔

وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ حکومت نے پیمرا اور پریس کونسل ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے،اب ان کی جگہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت اشتہاروں پر ہی چل رہی تھی، نظر ثانی کمیٹی بنائی گئی ہے جو اشتہاروں کے معاملات کو دیکھے گی۔

فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ صدارتی الیکشن میں عارف علوی کا پلڑا بھاری ہے، ن لیگ والے پارلیمنٹ کو بوگس کہنے والے فضل الرحمان کو صدر بنانا چاہتے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو عدالت لایا ہی کیوں جاتا ہے، ان جیل ٹرائل ہونا چاہیے، جیل میں تمام سہولتیں ہیں، نواز شریف کو عدالت لانے اور لے جانے پر بہت خرچ ہوتا ہے۔