لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم سب ٹیم ورک کے طور پر صوبے کے عوام کی خدمت کریں گے، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور مشاورت سے فیصلے ہوں گے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا جہاں انھیں ترقیاتی پروگرام اور رواں مالی سال کے چار ماہ کے ترقیاتی بجٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ میرے قائد عمران خان کا ایجنڈا صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے، ہم سب نے مل کر عوام کی خدمت کے مشن کو پورا کرنا ہے اور آپ نے میری ٹیم بن کر کام کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی نئی حکومت آتی ہے تو ردوبدل ہوتا ہے لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم نے ردوبدل نہیں کرنا، میری پوری حمایت آپ کے ساتھ ہے، میں آپ کے پیچھے کھڑا رہوں گا۔ میں سول سیکرٹریٹ میں وزیرِاعلیٰ کے دفتر کو بھی فنکشنل کروں گا۔ جس طرح میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں آیا ہوں، اس طرح ہر محکمے میں خود جاؤں گا، پنجاب میں ہر محکمے سے براہ راست رابطہ رکھوں گا، ضلعی اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے بھی دورے کروں گا۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم نے مل کر غریب لوگوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنا ہے اور جنوبی پنجاب کو حقیقی معنوں میں اوپر لے کر جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے جنوبی پنجاب کے لوگوں کی حالتِ زارکا احساس ہے، ہمارا ایک ایک منٹ قیمتی ہے، گڈ گورننس کو فروغ دیں گے، کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔
عثمان بزدار نئے کہا کہ نئے پاکستان میں کرپٹ عناصر کا کوئی کردار نہیں، ہم نے عمران خان کے نئے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنا ہے، ہم نئے جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کریں گے، میرے ساتھ مل کر تبدیلی کے سفر کی تکمیل کریں۔ ہم نے پنجاب میں حقیقی تبدیلی لانی ہے لیکن یہ تبدیلی اس وقت ہو گی جب ہم ایک ساتھ چلیں گے۔