پنجاب میں نام نہاد ملائکہ کی حکومت بنائی جا رہی ہے: سعد رفیق

Last Updated On 16 August,2018 05:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سعد رفیق کا کہنا ہے پنجاب میں نام نہاد ملائکہ کی حکومت بنائی جا رہی ہے، پیپلزپارٹی اگلے مرحلے میں ہمارا ساتھ دے گی۔

پنجاب اسمبلی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی میں ان کے ایم پی اے نے شہری پر تشدد کیا مگر قانون حرکت میں نہیں آیا، پہلے پٹائی کرلو پھردباؤ ڈال کرصلح کرلو۔ انہوں نے کہا کہ نااہل شخص جہاز میں اراکین اسمبلی کو لا رہا ہے، ہمارے لوگوں کو فون کر کے انہیں توڑنے کی کوشش کی گئی، اس حکومت او راس کے عہدیداروں کی سلیکشن ہارس ٹریڈنگ سے کی جا رہی ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا عمران خان غیر ملکی قرضہ نہیں لینا، ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بھولنا نہیں، ہم روز آپ کو یاد دلاتے رہیں گے، یہ فراڈ زیادہ دن نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا پنجاب میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں بنا رہے، عمران خان ابھی وزیراعظم نہیں بنے اور 25 ،25 آدمی ساتھ چل رہے ہیں، دیکھیں گے کس کس گورنر ہاؤس کی دیواریں گریں گی۔