نیب ریفرنسز: احتساب عدالت کا پیر کو نواز شریف کو پیش کرنیکا حکم

Last Updated On 09 August,2018 03:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے پیر کو نواز شریف کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا کو بھی پیر کو گواہی کیلئے طلب کرلیا۔ جج محمد ارشد ملک نے کہا نواز شریف کیخلاف پیر سے ریفرنسز کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہو جائے گا۔

احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر نے کہا ہائیکورٹ نے دونوں ریفرنسز آپ کی عدالت منتقل کر دیئے ہیں، نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹے ریفرنس میں ملزمان ہیں، حسن اور حسین نواز عدالتی کارروائی کا سامنا نہیں کر رہے، عدالت نے دونوں کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے، نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی گئی اور وہ جیل میں ہیں۔

سردار مظفر نے عدالت کو بتایا نواز شریف کو سکیورٹی خدشات کے باعث عدالت پیش نہیں کیا گیا، واجد ضیا کو عدالت نے کہا تھا آئندہ سماعت پر طلب کریں گے۔