احد چیمہ کی مشکلات میں اضافہ، عزیز واقارب کی مالیاتی تفصیلات طلب

Last Updated On 08 August,2018 06:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کمپنیز سکینڈل میں نیب نے ایف بی آر سے بھی مدد مانگ لی۔ احد چیمہ کے اثاثہ جات کی تفصیل جاننے کے لئے قریبی عزیز واقارب کی مالیاتی تفصیلات طلب کر لی گئیں۔

کمپنیز سکینڈل میں نیب کے زیرِ تفتیش بیوروکریٹ احد خان چیمہ کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، نیب نے احد چیمہ کی فیملی کا ریکارڈ ایف بی آر سے طلب کر لیا۔

ایف بی آر نے احد خان چیمہ کے خاندان کے افراد کا ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے چار ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ احد چیمہ کی بیوی صائمہ احد، بیٹے عیسیٰ احد اور مصطفیٰ احد کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔ بھائی احمد سعود چیمہ، بہن سعدیہ منصور اور والدہ نشاط افزا کے ریکارڈ کی چھان بین بھی جاری ہے۔

نیب کی جانب سے فیملی کے نام پر موجود جائیدادوں کا ریکارڈ مانگا گیا جو ایف بی آر آئندہ ہفتے فراہم کرے گی۔ آشیانہ کرپشن سکینڈل کے مرکزی ملزم احد چیمہ پر 20 اگست کو احتساب عدالت کی جانب سے فردِ جرم عائد کی جائے گی۔