اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ، پنجاب میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، سب تیار رہیں، نئے پاکستان کا آغاز پنجاب سے ہوگا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ سب کو مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ آپ سب نے اتنا مشکل الیکشن لڑا۔ انتخابات کے روز خیبر پختونخوا میں ہم سب سے آگے تھے جبکہ پنجاب میں پانی پت کی جنگ تھی، پنجاب میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کا مقابلہ تھا۔ کئی لوگوں کو ٹکٹ نہیں دیے اور وہ آزاد جیت گئے۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں دو قسم کی سیاست ہے، پہلی ذاتی سیاست جو صرف پیسہ کمانے کیلئے ہے، اس نے لوگوں کو ذلت دی کیونکہ لوگ عوام کا نام لے کر اقتدار میں آ کر اپنی ذات کا سوچتے ہیں۔ دوسری سیاست وہ ہے جو پیغمبروں نے کی، سارے پیغمبر انسانیت کے لیے کھڑے ہوئے۔ آپ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، میں لوگوں سے وعدہ کر کے آیا ہوں کہ مدینہ کی ریاست بنانی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پنجاب میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، سب تیار رہیں نئے پاکستان کا آغاز پنجاب سے ہی ہو گا۔ اصل جنگ پنجاب میں ہے، آپ سب نے یہ جنگ لڑنی ہے۔ پنجاب میں بہترین وزیرِاعلیٰ لاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) ایک ادارہ بنے، ہمیں ٹکٹ دینے کے عمل کو بہتر بنانا ہو گا، ہم میرٹ پر ابھی سے آئندہ الیکشن کی تیاری کریں گے۔