امیرِ قطر کا عمران خان کو فون، پاکستان کیساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی

Last Updated On 07 August,2018 06:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد نے چیئرمین تحریکِ انصاف کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد نے چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو ٹیلیفون کر کے الیکشن جیتنے پر مبارکباد اور دورہ قطر کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کرنے کو تیار، پاکستان اور قطر کے درمیان اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمران خان کے وزیرِاعظم بننے سے معاملات مزید بہتر اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تمیم بن حمد سے کہا کہ پاکستان قطر کی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئیگی۔