اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان سے ملاقات کر کے انھیں انتخابات میں کامیابی پر جاپانی حکومت کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی۔
جاپانی سفیر نے پاکستان میں نومنتخب حکومت کے ساتھ تعاون اور اشتراک میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ جاپان ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی تعمیر و اصلاحات کے منصوبوں میں حکومتِ پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون اور اشتراک کا خواہاں ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کے منصوبوں میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔
جاپانی سفیر نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت پاکستان میں تعلیم سے محروم 24 ملین بچوں کیلئے تعلیم کے انتظامات میں تعاون کیلئے بھی تیار ہے کیونکہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات میں مضبوطی ہمارا ہدف ہے۔
چیئرمین تحریکِ انصاف نے اس موقع پر جاپانی سفیر اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خیر سگالی کے جذبات کا نہایت گرمجوشی سے خیر مقدم کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے میں سرمایہ کاری اور اشتراک کی خواہاں ہے، پی ٹی آئی جاپان کے ساتھ مضبوط اور متحرک سفارتی تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتی ہے، باہم سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے تجارت اور اشتراک کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔