ٹوکیو: (روزنامہ دنیا ) جاپانی حکومت سے آموں کی مزید اقسام کی برآمدات کے لیے بات چیت جاری ہے، ہنر مندوں کی جاپان میں ملازمتوں کیلئے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
جاپان میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ جاپانی حکومت اگلے سات برسوں میں لاکھوں کی تعداد میں غیر ملکی ہنرمند لیبر کو جاپان میں ملازمتیں فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جس کے لیے پاکستانی ہنرمندوں کی جاپان میں ملازمتوں کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک خصوصی گفتگو میں سفیر پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان سے جاپان کے لیے آموں کی برآمدات شروع ہوچکی ہے جس کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں تاہم جاپانی حکومت سے آموں کی مزید اقسام کی برآمدات کے لیے بھی بات چیت جاری ہے۔