اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان تحریک اںصاف کے چیئرمین عمران خان کو ٹیلیفون کر کے انھیں انتخابات میں کامیابی کی مبارکباد اور افغانستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے چیئرمین تحریکِ انصاف کو ٹیلی فون کر کے انتخابات میں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور عمران خان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور افغانستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی۔
افغان صدر نے کہا کہ عمران خان افغانستان میں نہایت مقبول اور نوجوانوں کے ہیرو ہیں، نوجوانوں میں عمران خان کی مقبولیت کے باعث افغانستان میں کرکٹ کو فروغ ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان باہم بھائی چارے اور دوستی کے رشتوں سے منسلک ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کی جانب سے افغان صدر کا شکریہ ادا کیا گیا اور اظہارِ تشکر کیساتھ دورہ افغانستان کی دعوت بھی قبول کی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل امن اور خوشحالی کا خواہاں ہے، تحریکِ انصاف کی نگاہ میں پاک افغان تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔
عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی کو یقین دیالا کہ تحریکِ انصاف دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تعلقات میں سرگرمی لائے گی اور حکومت سازی کا عمل مکمل ہوتے ہی افغانستان کا دورہ کروں گا۔