کراچی: ریلی کے شرکا ء کا گدھے کو سیاسی حریف بنا کر بدترین تشدد

Last Updated On 16 July,2018 10:38 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) ایک سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے کو سیاسی حریف بناکر بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جانوروں کے لیے سرگرم تنظیم اے سی ایف اینیمل ریسکیو نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر بتایا کہ گدھے کو کئی مرتبہ منہ اور پیٹ پر مکے مارے گئے، اس کی ناک توڑ دی گئی، پورے جسم پر لاتیں ماری گئیں جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگیا۔

متشدد سیاسی ورکررز نے بے ہوش ہونے کے بعد بھی اس گدھے کو ایک کھمبے سے باندھ دیا، یہاں تک کے اس پر گاڑی بھی چڑھا دی، جبکہ یہ سب صرف اس لیے کیا گیا کیوں کہ یہ بے چارہ گدھا اس ریلی کے وقت وہاں موجود تھا اور اس پر ایک سیاسی حریف کا نام لکھا ہوا تھا۔

اے سی ایف کے مطابق اب بھی گدھے کے زخموں سے خون بہہ رہا ہے۔ اس گدھے کی جان عبداللہ محمود نامی شہری نے بچائی جنہوں نے ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوعہ پر بلایا۔

عبداللہ محمود نے اپنے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ جب وہ جائے وقوعہ پر تو انہوں نے گدھے کو سڑک پر پایا۔ اسی دوران ایک گاڑی اسے مارتی ہوئی چلی گئی جبکہ لوگوں سے جب انہوں نے مدد طلب کی تو سب نظرانداز کر کے آگے بڑھ گئے۔